اسلام آباد(رپورٹ/رانا مسعودحسین )سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمنٹ کے اپنی سیاسی پارٹی کی پالیسیوں سے انحراف سے متعلق آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے حوالے سے دائرصدارتی ریفرنس اور آئینی درخواستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواستوں کی سماعت مکمل ہونے کے بعد متفقہ طور پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست گزار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی نظرثانی کی درخواست منظورکرلی ہے اور سپریم کورٹ کا سابقہ فیصلہ کالعدم قراردے دیا ہےجس کے بعد اب منحرف رکن کا ووٹ بھی گنتی میں شمار کیا جائے گا ‘ تحریک انصاف کے وکیل علی ظفرنے دوران سماعت کہاکہ حکومت آئینی ترامیم لارہی ہے اور تاثریہ ہے کہ یہ عدالت ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیگی‘چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے ہیں کہ سیاسی جماعتیں جج یا چیف جسٹس کے ماتحت نہیں ہوتیں‘ جج کون ہوتا ہے یہ کہنے والا کہ کوئی رکن پارلیمنٹ منحرف ہوا ہے یا نہیں ؟ یہ تو اس کی جماعت کے سربراہ کااختیار ہے‘ جج منتخب تو نہیں ہوتے ہیں، انہیں اپنے دائرہ اختیار میں رہنا چاہیے ، تاریخ یہ ہے مارشل لاء لگے تو سب ہی ربڑ اسٹیمپ بن جاتے ہیں،جمہوریت اسی لیے ڈی ریل ہوتی رہی ہے کہ یہ عدالت(سپریم کورٹ) غلط اقدامات کی توثیق کرتی رہی ہے، انہوںنے کہاکہ ہر ڈکٹیٹر ہی یہی کہتا رہا ہے کہ تمام بدعنوان اراکین اسمبلی اور ایوان ہی کو ختم کر دوں گا، پھر سب لوگ ہی فوجی آمریت کو اپنا لیتے ہیں اور پھر جمہوریت کا راگ شروع ہو جاتا ہے،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے ہمیں عدالت میں کھڑے ہوکر کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ دے کر دیکھیں،کیا آپ ججوں کو ایسے ڈرا دھمکا کر فیصلے لیں گے؟ دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اپنے موکل ،عمران خان کی جانب سے بینچ کی تشکیل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے سماعت کا حصہ بننے سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے انہیں ایک سینئر وکیل کی حیثیت میںامائیکس کیورائے ( عدالت کا دوست ) مقرر کردیا اور انہوںنے بطور اما ئیکس کیورائے اپنے دلائل پیش کئے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک ایڈوکیٹ نے اپنے دلائل پیش کئے ‘چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس مظہر عالم میاں خیل ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل 5 رکنی لارجر بینچ نے منگل کے روز نظرثانی درخواستوںکی سماعت کی تو درخواست گزارعمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے جیل سے ویڈیولنک کے ذریعے عدالت میںپیش ہونے کی استدعا کی ہے ، پہلے یہ تو معلوم ہوجائے کہ انہیں خود دلائل دینے کی اجازت بھی ملتی ہے یا نہیں؟ جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ عدالت میںکھڑے ہوکر سیاسی گفتگو کررہے ہیں تاکہ کل اخبارات کی سرخیاں لگیںجس پر فاضل وکیل نے اپنی استدعا واپس لیتے ہوئے کہا کہ میرے موکل کے مطابق اس بینچ کی تشکیل درست نہیں ہے اس لیے وہ اپنی درخواست پر کاروائی جاری نہیں رکھنا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت آئینی ترامیم لارہی ہے اور تاثریہ ہے کہ یہ عدالت ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیگی،جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ہم اس بات پر آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرسکتے ہیں،اگر ہم آپ کی عزت کرتےہیں توآپ بھی ہماری عزت کریں‘ چیف جسٹس نے علی ظفر ایڈوکیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیوں ایک فیصلے سے گھبرا رہے ہیں؟ اپنے دلائل پیش کریں‘شایدہم یہ درخواست مستر کردیں‘چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی بھی شخص کسی آئینی شق یا سزائے موت کے فیصلے سے ناخوش تو ہو سکتا ہے لیکن عملدرآمد کرنے کے سب پابند ہوتے ہیں، کیا کوئی جج حلف اٹھا کر کہہ سکتا ہے آئین کی اس شق سے خوش نہیں ہوں؟ بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ سپریم کورٹ آئین میں دیے گئے حق زندگی کے اصول کو کافی آگے بڑھا چکی ہے، کسی بنیادی حق کا اصول آگے بڑھانا آئین دوبارہ تحریر کرنے کے مترادف نہیں ہوتا ہے‘فاضل امائیکس نے موقف اختیار کیا کہ اراکین پارلیمنٹ کو ووٹ دینے یا نہ دینے کی ہدایت پارلیمانی پارٹی دیتی ہےجس پر چیف جسٹس نے کہاکہ اس حساب سے تو پارٹی کیخلاف ووٹ دینا ایک خودکش حملہ کے مترادف ہے، یعنی ووٹ بھی شمار نہیں ہو گا اور نشست سے بھی ہاتھ دھونا پڑیگا‘کیا یہ تشریح جمہوری ہے؟ جج منتخب تو نہیں ہوتے ہیں، انہیں اپنے دائرہ اختیار میں رہنا چاہیے، آپ تو جمہوریت کے بالکل خلاف باتیں کر رہے ہیں۔
راولپنڈی عمران خان اور بشریٰ بی بی میں ملاقات کروادی گئی ،جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان...
راولپنڈی 4رکنی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان کاطبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی ۔ جیل...
اسلام آ باد وزیراعظم شہبازشریف 23 سے 25 مئی تک چین کا دورہ کریں گے۔ دورے کےدوران چین کے صدر شی جن پنگ اورچینی...
کراچی چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا کی بھارت کو مضبوط بنانے کی کوششیں، واشنگٹن اور نیو دہلی...
کراچی امریکہ اور ایران میں بڑھتی کشیدگی، نئی جنگ کا خطرہ منڈلانے لگا۔ دونوں فریق وقت کو اپنے حق میں سمجھتے...
کراچی ناروےمیں خاتون صحافی نے نریندر مودی کو بھرے مجمع میں آئینہ دکھادیا،مودی آزاد میڈیا کے سوالوں سے...
اسلام آبادایف بی آر کے ماتحت تمام فیلڈدفاتر ایل ٹی اوز، ایم ٹی اوز، سی ٹی اوز، اور آر ٹی اوز ہفتہ اور...
اسلام آباد روس نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ اہم...