اسلام آباد( نمائندہ جنگ )پاکستان اور ملائیشیا نے غزہ اور کشمیر پر پختہ موقف کا اعادہ کیا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کردیئے ہیں ۔ پاکستان ملائیشیا کو سالانہ 200 ملین ڈالر(تقریباً ساڑھے 55؍ ارب پاکستانی روپے) کاگوشت اورایک لاکھ میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کرے گا جبکہ ملائیشیا پام آئل،ملبوسات،کیمیکل اور کیمیکل پر مبنی مصنوعات اور الیکٹرک اور الیکٹرانک مصنوعات پاکستان کو ایکسپورٹ کرے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی نئی بلندیوں کی جستجو کریں گے۔ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نےکہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ غزہ اور کشمیر سمیت علاقائی امور پر اپنے پختہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔اس بات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں ون آن ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعظم نے بتایا کہ ان کی بات چیت میں دوطرفہ مفاد کے متعدد شعبوں کے ساتھ ساتھ فلسطین اور کشمیر سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان کل تجارت ایک اعشاریہ چار بلین امریکی ڈالر رہی جس میں پام آئل، ملبوسات، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور کیمیکل پر مبنی مصنوعات اور الیکٹرک اور الیکٹرانک مصنوعات شامل ہیں، ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاکستان کے چاول کی درآمد میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے علاوہ دفاع، سیاحت، زراعت، گرین انرجی، ہنر مند افرادی قوت اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں مزید تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لئے شاندار اجلاس ہوا۔انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملائیشیا میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں پاکستانی طلباء عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد کریں گے، ملائیشیا کی ترقی کو ان تمام مسلم ممالک کے لئے رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جانا چاہئے ،دونوں فریقین نے غزہ کی دل دہلا دینے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فوری جنگ بندی پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں فریقین نے مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا ، وزیر اعظم انور ابراہیم نےکہا کہ دونوں فریقوں نے متعدد امور پر اتفاق کیا ،فیصلوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے اس ماہ کوالالمپور میں مشترکہ کمیشن کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا، جلد ہی کراچی میں ملائیشین ٹریڈ آفس کھولا جائے گا، ملائیشیا آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹر سمیت مختلف شعبوں میں مزید ہنر مند افرادی قوت کی تلاش میں ہے اور پاکستان بھی اس کا ذریعہ بن سکتا ہے۔انور ابراہیم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کو سراہا اور کہا کہ غزہ اور لبنان میں جاری جارحیت بین الاقوامی نظام کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری کی غیر فعالیت پر بھی سوال اٹھایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ملائیشیا کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر کاربند ہے اور تنازعہ کے دوستانہ حل پر یقین رکھتا ہے۔ بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) اور تعاون کی ایک دستاویز کے تبادلہ کی تقریب میں شرکت کی۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) اور ملائیشیا ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کوآپریشن کے درمیان تجارتی تعاون ، پاکستان-ملائیشیا بزنس کونسل (پی ایم بی سی) اور ملائیشیا-پاکستان بزنس کونسل (ایم پی بی سی) کے درمیان حلال تجارت کیلئے ایم او یو اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ملائیشین کمیونیکیشن اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن (ایم سی ایم سی) کے درمیان تعاون کی ایک دستاویز پر بھی دستخط کئے گئے، وزیر اعظم انور ابراہیم نے علامہ محمد اقبال کی تصانیف بھی پیش کیں جن کا بہاسا میلیو میں ترجمہ کیا گیا اور اپنی کتاب "ایشیائی نشاۃ ثانیہ" کی اردو کاپی بھی پیش کی،شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کیلئےآسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی، دونوں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا،ملائشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کا وزیرِ اعظم ہائوس پہنچنے پر شہباز شریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اوردونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ملائشیا کے وزیر اعظم نے لان میں پودا لگایا اور دعا کی۔
لاہورچین نے جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں غربت کے خاتمے اور انتہا پسندی کے رجحانات کو روکنے کے لیے اسکول...
اسلام آباد تحریک انصاف کی پارلیمانی گروپ لیڈر زرتاج گل نے کہا ہے کہ فیض حمید عمران خان کے ماتحت کام کر رہےتھے...
اسلام آباد فوج میں خود احتسابی کا عمل ہر وقت جاری جتنا بڑا عہدہ اتنی بڑی ذمہ داری ہے ہمیں اپنے احتساب کے نظام...
اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بسنے والے تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو یکساں مواقع...
اسلام آباد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت تمام ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران...
کراچیفیک نیوز پھیلانے پر صحافی سمیت 16 افراد کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمات درج کر لیے ،دو افراد کو گرفتار کر...
لاہور پاکستان، بھارت، امریکہ اور برطانیہ میں کورٹس مارشل کی تاریخ، فوجی قانون کی جڑیں قدیم رومن اور یونانی...
اسلام آباد چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان آرمی کی ٹیم سے ملاقات کی جس نے برطانیہ میں...