اسلام آباد، وفاقی کابینہ کی ہدایت پر 4700 سرکاری مکانوں کا سروے مکمل

04 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وفاقی کابینہ کی ہدایت پر اسٹیٹ آفس نے انٹیلی جنس بیورو کے اشتراک سے اسلام آ باد میں سر کاری مکانوں کے الاٹیوں کی جانب سے پالیسی اور شرائط کی خلاف ورزی کرنے والوں کا سروے مکمل کرلیا ہے۔ یہ سروے گیارہ مئی کو شروع کیا گیا تھا اور پونے پانچ ماہ میں مکمل ہوا۔ذرائع کے مطابق تین سروے ٹیموں نے کل 4700سر کاری مکانوں کا سر وے کیا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 313مکانوں پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا ہے۔193مکان جزوی طور پر کرائے پر چڑھائے گئے ہیں۔1125الاٹیوں نے مکانوں میں اضافی تعمیرات کی ہوئی ہیں۔سروے کی روشنی میں اسٹیٹ آفس اسلام آ باد نے 268 مکانوں کو خالی کروایا ہے۔ان مکانوں میں کیٹگری ایک سے چار تک کے 101مکان ہیں جبکہ ٹائپ اے سے آئی تک کے 167مکانات ہیں۔