PTIدھرنا،راولپنڈی سے اسلام آ باد راستے بند ،کنٹینرز لگا دیئے، ڈبل سواری پر پابندی

04 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد،راولپنڈی ( حنیف خالد ،ایوب ناصر ، خصوصی نمائندہ،سٹاف رپورٹر )وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اہم فیصلے کئے ہیں، اسلام آباد میں آئندہ دو روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے پابندی کا اطلاق جمعرات کی رات 12 بجے سے ہوگیا ہےخلاف ورزی کرنیوالے موٹر سائیکل سواروں کے سخت قانونی کاروائی ہوگی ادھروفاقی حکومت نے دارالحکومت میں آنے جانے والے چوبیس پوائنٹس مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر کے کنٹینرز لگا دیئے، جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آ باد کی پولیس کو فری ہینڈ دیدیا گیا ہے جمعرات کو ہی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا اور کے پی سے آنیوالے 60 افغانیوں سمیت 4122افراد گرفتار کر لئے گئے، پختونوں کے گھروں کی نگرانی کی جارہی ہے گرفتار افراد کے سے کیلوں والے ڈنڈے، غلیل اور کنچے برآمد ہوئے ہیں مظاہرین کی گرفتاری کے بعد سکیورٹی کو مزید ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ریڈ زون کی سکیورٹی کیلئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہےاسلام آباد انتظامیہ نےپی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے اور مظاہرین کو ڈی چوک تک پہنچنے سے روکنے کیلئے سخت انتظامات کئے ہیں ، راولپنڈی میں بھی پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیاہے جبکہ 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ، ریڈ زون میں پولیس کیساتھ رینجرز اور ایف سی کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے راولپنڈی کے داخلی اور اسلام آباد کی جانب جانیوالے راستوں کو سیل کرکے وہاں بھاری پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے نجی تعلیمی اداروں نے جمعہ کو چھٹی کا اعلان کر دیا ہے ، اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہے گی ۔