بلاول کا وفاق پر سیلاب امداد کے غلط استعمال کا الزام، امریکا نے نوٹس لے لیا

04 اکتوبر ، 2024

واشنگٹن (نیوز ایجنسی ) امریکا نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے وفاقی حکومت پر سیلاب امداد کے غلط استعمال کے الزام کا نوٹس لے لیا ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امداد کے استعمال کے طریقہ کار کی نگرانی کا سخت نظام موجود ہے، غلط استعمال ہوئی تو روک دیں گے ۔ ترجمان میتھیو ملر نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ امریکا بلاول بھٹو کے 400 ملین ڈالر کی سیلابی امداد کے غلط استعمال کے الزامات کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔میتھیو ملر نے کہا کہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا میں جہاں بھی امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالرز استعمال ہوتے ہیں اور جہاں فوری انسانی مفادات کو خطرہ لاحق ہوتا ہے امریکا ایسے معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے۔