قومی مالیاتی معاہدہ، مرکز اور صوبے19نکاتی ایجنڈا پر تعاون بڑھائینگے

05 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (مہتاب حیدر) 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت آئی ایم ایف کی شرائط کی تعمیل کرنے کی کوشش میں مرکز اور صوبوں نے 19 نکاتی ایجنڈے پر تعاون بڑھانے کے لیے ایک قومی مالیاتی معاہدہ کیا ہے جن میں صوبوں کی جانب سے اشیاء کی سپورٹ اور خریداری کی قیمتوں کو روکنا بھی شامل ہے۔18ویں ترمیم کے مطابق مرکز سے صوبوں کو اختیارات کی منتقلی بھی شامل ،صوبے ٹیکس بھی جمع کرینگے ۔صوبائی حکومتیں یکم جنوری اس نئے نظام کے تحت زرعی آمدنی پر ٹیکس لگان شروع کردینگی ۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے بالترتیب 27 جون 2024، 30 جولائی 2024، 12 جولائی 2024 اور 26 جولائی 2024 کو وفاقی حکومت کے ساتھ مالیاتی ذمہ داریوں کے اشتراک کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔