بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں،بیرسٹرگوہر

06 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے ایک بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے بیان سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت کسی غیر ملکی کو اجازت نہیں کہ وہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جے شنکر کا پی ٹی آئی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں ہے جب کہ بھارت سے متعلق پی ٹی آئی پالیسی 27 سالہ جدوجہد میں کبھی تبدیل نہیں ہوئی۔بیرسٹر گوہر علی نے کہاکہ ریاست پاکستان کی بھارت سے 70 سالہ پالیسی ہی پی ٹی آئی پالیسی کی بیک بون ہے جب کہ پی ٹی آئی کی سیاسی جدوجہد میں کسی بھی ملک بشمول ہندوستان کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج پاکستانیوں کا آئینی حق ہے۔واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت کی دعوت پر حکومتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔