ٹرمپ کا کیس سننے والے جج کو دھمکی دینے والے ملزم پر فرد جرم عائد

06 اکتوبر ، 2024

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی ریاست فلوریڈا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حساس دستاویزات سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے فیڈرل جج کو دھمکی دینے والے ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی۔برطانوی خبر رساںادارے کے مطابق الینوئیس سے تعلق رکھنے والے65سالہ شہری ایرک جیمز رینیرٹ پر5الزامات کی بنیاد پر فرد جرم عائد کیا گیا ہے، جس میں وفاقی جج کو بین الریاستی دھمکیاں، تشدد، اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزامات شامل ہیں۔پراسیکیوٹر نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے دھمکی دی ہے کہ جج کے اہل خانہ کے اراکین کو زخمی اور اغوا کیا جائے گا۔میامی میں امریکی اٹارنی آفس کی نمائندوں نے کیس کی نمائندگی کی اور فرد جرم کے لیے ہونے والی سماعت میں موجود تھے جبکہ فلوریڈا کے جنوبی ضلع میں قائم وفاقی عدالت نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔رپورٹ کے مطابق عدالتی دستاویزات میں وفاقی جج کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن کیس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کی سینٹ لوئس کانٹی میں پیش آیا تھا۔امریکی ڈسٹرکٹ جج ایلین کینون کی سربراہی میں دیگر فیڈرل ججز ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف غیرقانونی طور پر حساس دستاویزات اپنے ساتھ لے جانے سے متعلق کیس کی سماعت کر رہے تھے۔