ٹیکس ریفنڈز فوری طور پر ادا کیے جائیں،لاہور چیمبر

06 اکتوبر ، 2024

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ طویل عرصے سے زیر التواءٹیکس ریفنڈز فوری طور پر جاری کرے کیونکہ غیر ضروری تاخیر کاروباری برادری کے لیے مسائل پیدا کررہی ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے ٹیکس ریفنڈز جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباروں، بالخصوص ایس ایم ایز کی آپریشنل صلاحیت متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری توانائی کی بلند قیمتوں اور دیگر عوامل کی وجہ سے مالی بحران کا سامنا کررہی ہے جبکہ ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں تاخیر صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے۔