شمالی وزیرستان،فائرنگ کا تبادلہ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6جوان شہید، 6 دہشت گرد مارے گئے

06 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقےاسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا، جس کے دوران 6 خوارجی مارے گئے۔ شہدامیں لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت، نائیک محمداللہ، لانس نائیک اخترزمان، لانس نائیک شاہداللہ، لانس نائیک یوسف علی اورسپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ علاقے میں ممکنہ خوارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہیدکا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے۔ 30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ لانس نائیک محمد اللہ شہید نے پاک فوج میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک محمد اللہ شہید نے اہلیہ غمگسار چھوڑی۔ 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔انہوں نے 10 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا۔ شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔ 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے۔شہید نے 7 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔ 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی سے ہے۔انہوں نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔شہید نے غمگساروں میں اہلیہ چھوڑی۔ 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے پانچ سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔