PTI جے شنکر کو تباہ مزاروں پر بھی لے جائے، وفاقی وزراء

06 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزراء نے خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جے شنکر کو تباہ مزاروں پر بھی لے جائے ، سینیٹر عرفان صدیقی ، خواجہ آصف اور عطا تارڑ نے کہا کہ صرف جے شنکر کو خطاب کی دعوت کیوں دی ہے، یہ ان کی ملک دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اب یہ جے شنکر کو اپنا والی وارث سمجھ رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ پی ٹی آئی جے شنکر کو 200 سے زیادہ دفاعی تنصیبات اور شہدا کے تباہ شدہ مزاروں پر بھی لے جائے۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر کا کہنا ہے کہ یہ کر کے پی ٹی آئی اور بھارت ہمیشہ کے لیے لازوال رشتوں میں بندھ جائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف افغانی طالبان کو مسلح کر کے دارالحکومت پر حملہ آور ہو رہی ہے اور دوسری طرف بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے ڈی چوک کے احتجاج میں خطاب کی دعوت دے رہی ہے جو ان کی ملک دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پی ٹی آئی سے یہ پوچھا جانا چاہئے کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا۔ اتنی ہی بات ہے تو یہ نریندر مودی کو بھی اپنے دھرنے میں دعوت دے لیں ، پی ٹی آئی کی شناخت بے نقاب ہورہی ہے جو افغان طالبان کو ساتھ لا رہے ہیں اور دوسری جانب جے شنکر کو اپنے جلسے میں خطاب کی دعوت دے رہے ہیں حالانکہ ہم تو عالمی سطح پر بھی بھارتی نمائندوں سے ملنا تو دور ہاتھ ملانے سے بھی گریز کرتے ہیں لیکن پی ٹی آئی والے انہیں دعوت دے رہے ہیں، پاکستان دشمن قوتوں کی اعانت سے پی ٹی آئی دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ آور ہو رہی ہے اور جن طالبان کے ہاتھوں پر ہمارے جوانوں اور عام شہریوں کا خون ہے انہیں یہ اپنے ساتھ لا رہے ہیں تو پھر یہ ملک و قوم سے کیسے مخلص ہو سکتے ہیں آپ خود دیکھ لیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گرد چڑھائی کررہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کنٹینر لے کراسلام آباد آرہے ہیں،بیرسٹر سیف نے صرف بھارتی وزیر خارجہ کو کیوں دعوت دی؟ مجھے بتائیں یہ دھرنے کا مقصد کیا ہے؟ پی ٹی آئی کی پریشانی ہے کہ ملک ترقی کر گیا تو ان کے بیانیے کا کیا بنے گا،ان کا بیانیہ ریاست اور فوج کے خلاف ہے، پاکستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور انہیں نیند نہیں آ رہی۔