حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ،شہباز شریف

12 اکتوبر ، 2024

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت سنبھالتے ہی تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی تاکہ پاکستان کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو،ملک میں یکساں تعلیمی نظام رائج کرنے کے حوالے سے قومی نصابی سربراہی کانفرنس کا انعقاد انتہائی ضروری ہے،اسلام آباد ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں دانش سکولز کی تعمیر کے حوالے سے کام تیز کیاجائے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزوزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کے امور پر بلا ئے گئے اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا،معیاری تعلیم و فنی تربیت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،جدید تعلیمی نظام میں سکلز ڈویلپمنٹ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائز یشن ناگزیر ہو چکی ہیں ، ہمیں بھی اپنے تعلیمی نظام کو انہی جدید خطوط کو استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کا کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو، اس حوالے سے ہم نے حکومت میں آتے ہی تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کیا،ملک میں یکساں تعلیمی نظام رائج کرنے کے حوالے سے قومی نصابی سربراہی کانفرنس کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔وزیر اعظم نے اسلام آباد ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں دانش سکولز کی تعمیر کے حوالے سے کام تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں خواتین اساتذہ کی سہولت کے لئے ڈے کیئر مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔