اسلام آباد ‘پابندی ہٹنے کے فوری بعد عمران سے بہن کی ملاقات کروانے کا حکم

12 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آبادہائی کورٹ نے پابندی ہٹنے کے فوری بعد تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے بہن نورین نیازی کی ملاقات کروانے کا حکم دیدیا ۔ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ملاقات کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایاکہ ایجنسیوں کی جانب سے سیریس سکیورٹی تھریٹس کی رپورٹ دی گئی ہے، حکومت کی طرف سے اڈیالہ جیل حکام کوملاقاتوں پر پابندی کا کہا گیا ہے۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ہماری استدعا ہے بہن اور ایک ڈاکٹر کی ملاقات کرادی جائے، افواہیں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کچھ ہو گیا ہے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے بہن نورین نیازی کی جیل میں ملاقات کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کیا۔بعدازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیاکہ پابندی ہٹنے کے فوری بعد جیل مینوئل کے مطابق ملاقات کرائی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ طلب کرلی۔