شریعت کی رو سے انسانی دودھ بینک کا قیام جائز ہے یا نہیں؟

12 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( رانا غلام قادر)شریعت کی رو سے انسانی دودھ بنک کا قیام جائز ہے یا نہیں؟]نکاح نامہ و شادی رجسٹریشن فارم میں تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو لازمی قراردیا جا ئے یا نہیں؟ اس اہم موضوع پر شرعی رائے دینے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس 21 اکتوبر 2024ء کو طلب کر لیا گیا ۔وزارتِ قانون و انصاف نے اسلامی نظر یاتی کونسل سے استفسار کیا ہے کہ نکاح نامہ و شادی رجسٹریشن فارم میں تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو لازمی قرار دینے سے متعلق خانے کے اضافہ پر کونسل کی کیا رائے ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جناب ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ کی طرف سے بھیجے گئے مراسلہ پر بھی غور کیا جا ئے گا جوانسانی دودھ بینک (Human Milk Bank) کے قیام سے متعلق ہے۔کو نسل رائے دے گی کہ شریعت کی رو سے انسانی دودھ بنک کا قیام جائز ہے یا نہیں؟ اجلاس میں مسلم عائلی قوانین ترمیمی بل 2024ء، وقف ایکٹ 2020ء کے قواعد کا بھی جائزہ لیا جا ئے گا۔ انتخابی قوانین میں اصلاحات سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے شریعت اپیلٹ بینچ میں سماعت کے حوالے سے سپریم کورٹ کی کونسل سے معاونت پر بھی غور ہوگا۔وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ارسال کیے گئے خواتین کو با اختیار بنانے کے پیکیج 2024ء کے تحت، عائلی قوانین سے متعلق مختلف 4 بلز (Bills) بھی پر بحث ہوگی۔