امن نوبل انعام جاپان کی انسداد جوہری بم تنظیم کے نام

12 اکتوبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک)امن نوبل انعام جاپان کی انسداد جوہری بم تنظیم کے نام ، دنیا کا سب سے زیادہ معروف امن کا نوبیل انعام جاپان میں ہونے والے امریکی جوہری بم حملوں میں بچ جانے والے افراد کی تنظیم نیہون ہدانکیو کو دے دیا گیا ہے۔ یہ تنظیم سنہ 1956 میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم حملوں میں بچ جانے والے افراد نے بنائی تھی اور ناروے کی نوبل کمیٹی نے دُنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں نیہون ہدانکیو کی کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔ نوبیل کمیٹی کے سربراہ جورگن فریڈنس کا کہنا ہے کہ نیہون ہدانکیو نے ’جوہری ہتھیاروں کی بُرائی‘ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے جاپانی تنظیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جانب سے ایٹم بم حملوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے والے افراد کی گواہیوں کا اچھا استعمال کیا گیا ہے اور یہ یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ جوہری ہتھیار کبھی دوبارہ استعمال نہ ہوں۔ نیہون ہدانکیو کے شریک سربراہ توشیوکی مماکی نے جاپان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہو جائے گا۔‘ گذشتہ برس امن کا نوبیل انعام ایران میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی کارکن نرگس محمدی کو دیا گیا تھا۔ امن کا نوبیل انعام (نوبیل پیس پرائز) اس شخص کو دیا جاتا ہے جس نے ’ملکوں کے درمیان رفاقت بڑھانے، مستقل فوجیں ختم یا کم کرنے، اور امن کے قیام اور فروغ کے لیے سب سے زیادہ یا بہترین کام کیا ہو۔‘ خیال رہے 6 اگست 1945 میں امریکا نے ہیروشیما میں یورینیم بم گِرایا تھا اور اس حملے میں تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔