شہباز اورحمزہ کیخلاف رمضان شوگر ملزریفرنس منتقلی پر تحریری جواب طلب

12 اکتوبر ، 2024

لاہور (نیوزرپورٹر) احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی دوسری عدالت منتقلی سے متعلق نیب سے آئندہ سماعت 17 اکتوبرپر تحریری جواب طلب کر لیا۔ احتساب عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکلاء کی ریفرنس دوسری عدالت منتقلی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ، چوہدری نواز ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء نے مئوقف اختیار کیا کہ نیب قانون میں ترامیم کی بحالی کے بعد رمضان شوگر ملز ریفرنس قابل سماعت نہیں رہا،ریفرنس مزید کارروائی کیلئے اینٹی کرپشن کورٹ منتقل کر دیا جائے، احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے نیب پراسیکیوٹر ثاقب عزیز تارڑسے استفسار کیا کہ اس حوالے سے آپ کا کیا مئوقف ہے جس پر پراسیکیوٹر نے کہا ریفرنس کے اینٹی کرپشن کورٹ منتقلی پر کوئی اعتراض نہیں ہے، فاضل جج نے کہا نیب یہ بات آئندہ سماعت پر لکھ کر عدالت میں جمع کرائے پھر فیصلہ کریں گے ، عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، شہباز شریف کی جگہ ان کے پلیڈر انوار حسین حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر سرکاری خزانہ سے گندہ نالہ بنانے کا الزام ہے۔