اسلام آباد پولیس نے جنونی جتھے کا لاشیں گرانے کا منصوبہ ناکام بنایا، وزیراعظم

12 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے جنونی جتھے کا لاشیں گرانے کا منصوبہ ناکام بنایا، ان فسادیوں نے 2014 میں ڈی چوک پر 7 ماہ دن رات فساد برپا کیے رکھا۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں پولیس کے شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید عبدالحمید شاہ نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، انکے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی ہے اور انکے اہل خانہ کو صبر اور استقامت کا مجسم پایا، شہید امن اور لاکھوں پاکستانیوں کی حفاظت کیلئے فرض کی ادائیگی میں جان نچھاور کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2014 میں ڈی چوک پر فسادیوں نے سات ماہ فساد برپا کیے رکھا، اس سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا، چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان کے بہترین دوست ہیں، اسوقت انکا دورہ مجبوراً ملتوی کرنا پڑا کیونکہ فسادی ڈی چوک سے ہٹنے کو تیار نہیں تھے، انکی بدترین خواہش تھی کہ اس فساد کے نتیجے میں لاشیں گریں اور پاکستان میں یہ فساد جنگل کی آگ کی طرح پھیل جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے ملکر بہترین پیشہ وارانہ انداز میں اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پھر پولیس نے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، گالم گلوچ، جنونی جتھے کا وطیرہ بن چکا ہے، 4 اور 5 اکتوبر کو ایک صوبے کی جانب سے وفاق پر حملے اور لشکر کشی کو ناکام بنایا، یہ غیر آئینی تھا، اسوقت ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کے دورے پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کیے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پولیس کلچر میں اصلاحات کر رہی ہیں، صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں پولیس پر کام جاری ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کو بھی وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ پولیس کو تربیت سمیت دیگر شعبوں کے لیے درکار مالی وسائل فراہم کرینگے اور اسلام آباد پولیس کو رول ماڈل بنائیں گے۔ پولیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں فی الفور پنجاب کے برابر کر دی جائیں گی، چاروں صوبوں کی طرح اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس افسران کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کے 64 افسران اور سپاہی شہید ہوئے، ان میں سے 20 کو شہدا پیکیج ملا، باقی 44 شہدا کو شہدا پیکیج چند دنوں میں فراہم کیا جائے، سیف سٹی کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی ان منصوبوں اور اعلانات پر محسن اسپیڈ سے عمل درآمد کرائیں۔ دریں اثناء پولیس لائنز آمد پر وزیراعظم کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے، شہداء گیلری کا دورہ کیا، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔