عالمی برادری جموں و کشمیر اور فلسطین میں جنگی جرائم کے خاتمے کیلئے کردار اداکرے ،پاکستان

13 اکتوبر ، 2024

اقوام متحدہ(کے پی آئی)پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے جنگی جرائم کے خاتمے کیلئے کردار اداکرے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی میں انسانیت کے خلاف جرائم پر بحث کے دوران عالمی ادارے میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان اقبال جدون نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں سنگین ناانصافیوں کے ذمہ داروں کو حاصل استثنی کے خاتمے کی فوری ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہیں، جو بین الاقوامی برادری کے لیے ایک چیلنج ہیں۔ عثمان اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کو فلسطین میں جاری قبضے، جبر اور تشدد کے سلسلے پر گہری تشویش ہے۔پاکستانی ایلچی نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کی نسل کشی کی خوفناک جنگ کا ایک سال مکمل ہو گیا ، غزہ میں انسانی بحران بدستور سنگین تر ہوتا جا رہا ہیپاکستانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ اسرائیلی قابض فورسز کے غیر انسانی اقدامات ناقابل قبول ہیں۔