پی ٹی آئی انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کررہی ہے، شیری رحمٰن

13 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(اے پی پی)پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر15اکتوبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے ڈی چوک پر احتجاج کی کال سے کئی سوالات اٹھتے ہیں،تحریک انصاف جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کررہی ہے۔ہفتہ کو پی ٹی آئی کی جانب سے15اکتوبر کے دن احتجاج کی دی جانے والی کال پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال دینے پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں،ایس سی او اجلاس کے موقع پر احتجاج کرکے تحریک انصاف کیا حاصل کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی اعلیٰ سطح کے وفود اور عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے،تحریک انصاف جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن پر کوئی شخص اور اس کی ذاتی سیاست نہیں ملک اور ملکی مفادات ہونے چاہئیں۔