حکومت کاآزاد ٹیکس پالیسی سیل کے قیام کا فیصلہ

13 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی) حکومت نے ٹیکسوں میں اضافے کی تجاویز کے لیے ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) کو دئیے گئے اختیارات واپس لینے اور وفاقی وزیر خزانہ کی نگرانی میں ایک خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے2019سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ ٹیکس کی پالیسی سازی اور وصولی کے عمل کو خودمختار رکھا جائے گا اور ایف بی آر ٹیکس وصولی کے کام تک محدود رہے گا۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمد لنگڑیال نے بتایا کہ وزارت خزانہ میں مجوزہ ٹیکس پالیسی آفس( ٹی پی او) کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ ٹی پی او کا سربراہ صرف وزیر خزانہ کو جواب دہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس پالیسی آفس کے سربراہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے متعلق پالیسی رپورٹس وزیر خزانہ کو پیش کریں گے، انہوں نے بتایا کہ ٹی پی او وزارت خزانہ کا کوئی علیحدہ ونگ نہیں ہوگا بلکہ ٹیکس پالیسی کے قیام کیلیے تھنک ٹینک کا کام کرے گا۔حکومت معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس پالیسی اقدامات کے قیام کیلیے ٹیکس ماہرین، ماہرین تعلیم اور دیگر پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کرے گی جبکہ ان لینڈ ریونیو سروسز کے حکام ٹیکسوں میں اضافے کی تجاویز اور ٹیکسوں کا نفاذ نہیں کرسکیں گے۔