جے یو آئی کا آئینی عدالت پر حکومت کا ساتھ دینے سے انکار

13 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی)جمعیت علما اسلام (جے یو آئی)نے آئینی عدالت پر حکومت کا ساتھ دینے سے انکار کردیا، آئینی عدالت کی جگہ بینچ تشکیل دینے کی تجویز دے دی۔آئینی ترامیم پر خصوصی کمیٹی اجلاس میں جے یو آئی نے مجوزہ مسودہ پیش کر دیا۔ سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے ڈرافٹ میں صرف آئینی عدالت اور بینچ کا فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے باقی ڈرافٹ پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں، امید ہے جلد دونوں جماعتیں مشترکہ ڈرافٹ پر اتفاق کر لیں گی۔سینیٹر کامران مرتضی نے کہا کہ مسودے پر آج گفتگو ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کے مسودے اور ہمارے مسودے پر بھی بات ہوئی، مسودوں پر مشاورت کا عمل جاری ہے، ہم نے اپنا ڈرافٹ کمیٹی میں پیش کردیا ہے، ہمارا 24 نکاتی ڈرافٹ حکومت کے 56 نکاتی مسودہ کا جواب ہے۔ رہنما جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آئینی بینچ بنایا جائے، آئینی کیسز 200 ہیں اس کیلئے آئینی عدالت بنانا مناسب نہیں، اس کا حل سپریم کورٹ کے بینچز بنانا ہے۔