غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی ایک اور فلسطینی صحافی شہید

13 اکتوبر ، 2024

غزہ (صباح نیوز) شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوجی کارروائی میں ایک اور فلسطینی صحافی محمد الطنانی شہید اور2شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ محمد الطنانی الاقصیٰ چینل سے وابستہ تھے ۔غزہ کے دفتر اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ محمد الطنانی کی شہادت سے، غزہ میں شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 176 تک پہنچ گئی۔جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے نہ صرف صحافتی عملے کو میزائل سے نشانہ بنایا بلکہ زخمیوں کی ایمبولینس تک رسائی بھی روک دی۔غزہ کے دفتر اطلاعات نے عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کو جرائم سے روکیں اور فلسطینیوں کی نسل کشی اور صحافیوں کا قتل عام روکنے کیلیے عالمی عدالت میں مقدمہ چلاکر اسرائیل پر دبا بڑھائیں۔