مستقبل قریب میں چین کی مدد سے5 اقتصادی راہداریاں بنائیں گے،احسن اقبال

16 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز) وفا قی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں چین کی مدد سے5اقتصادی راہداریاں بنائیں گے،گوادر ایئرپورٹ اورسی پیک کے دوسرے مرحلے سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہو ں گے۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی مدد سے چین پاکستان اقتصادی رہداری کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے جارہی ہے، بلوچستان کے عوام کے لئے کاروباری مواقع میں اضافے کے لئے مرکز قائم کیا جارہا ہے۔علاقائی روابط میں ایس سی او کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن اور سڑکوں کی تعمیر سے و سط ایشائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں معاشی سر گرمیوں کے فروغ کے لئے گوادار اور عمان کے درمیان بحری راستوں کی بحال کی جا سکتی ہے۔ اس قسم کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی خطے میں تجارتی راستوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جس سے اشیا کی نقل و حمل اور تجارتی تبادلے کو فروغ ملے گا۔