آئینی ترمیم کے ذریعے حکومت مرضی کا عدالتی نظام لانا چاہتی ہے،حافظ نعیم

16 اکتوبر ، 2024

فیصل آباد ( آن لائن ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیرحافظ نعیم الرحمٰن نے کہاہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے حکومت اپنی مرضی کا عدالتی نظام لانا چاہتی ہے،شنگھائی تعاون کانفرنس کے انعقا دکے دوران یقیناً ملک میں پُر امن ماحول ہونا چاہیے لیکن اس کی آڑ میں اگر آئینی ترمیم لا کر حکومت اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتی ہے تو یہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔منگل کو میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ 5آئی پی پیز بند کرنے سے ہونے والا 411 ارب روپے کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے اور فی یونٹ تقریباً 15 روپے کم کیے جائیں، رہائشی اور صنعتی صارفین کو سستی بجلی دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مزید 17 آئی پی پیز ایسی ہیں جن سے بات چیت فوری طور پر مکمل کی جائے، آرمی چیف بھی فوجی آئی پی پیزکی جانب سے کیپیسٹی پیمنٹ نہ لینے کااعلان کریں۔ انہوں نے کہاکہ ا یس سی او اجلاس کے موقع پر دنیا میں پاکستان کا تشخص مثبت جانا چاہئے،اس کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔تمام سیاسی پارٹیوں کو پاکستان کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔