اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے وزیرا عظم قاہر رسول زادہ‘ بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوو چینکو ‘ کرغزستان کی وزراکابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف‘ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ امور راشد میریدوف اورقازقستان کے وزیراعظم اولزہاس بیکوتینوونے منگل کو یہا ں الگ الگ ملاقات کی۔ جن میں مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی‘ علاقائی روابط ‘زرعی مشینری ‘مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ نے دوطرفہ ملاقات کی۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولو و چینکو کی ملاقات میں شہبازشریف نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری،مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔شہباز شریف سے جمہوریہ قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوونے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ شراکت داری کے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے باقاعدہ اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے زراعت اور تجارت کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد از جلد بلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔