پنجاب،ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات طلب ،لاہور میں بیک وقت 5ٹرامز چلائینگے، وزیراعلیٰ مریم نواز

16 اکتوبر ، 2024

لاہور ( جنرل رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب کر لیں - وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں پر پلاٹ فائل بیچنے کی پابندی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا-ڈی جی ایل ڈی اے کو 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی-لاہورمیں روڈز کے گڑھے پر کرنے کیلئے ترقیاتی اداروں کوباہمی اشتراک کے ساتھ جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی-اجلاس میں ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ اورسی ایم انیشیٹو کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا-وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو لاہور شاپ اینڈڈراپ ٹرام وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 8.2کلومیٹر طویل ٹرام کلمہ چوک، مین بلیوارڈ،حسین چوک،ایم ایم عالم روڈ،منی مارکیٹ اوردیگر علاقوں سے گزرے گی۔5ٹرام بیک وقت چلائی جائیں گی، ہرسٹاپ پر ہر دو منٹ کے بعد ٹرام میسر ہو گی۔کریم بلاک تا موٹر وے خصوصی روڈ کی تعمیر کے پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی-داتا نگر فلائی اوور خستگی کے پیش نظر گرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا نیٹ ورک ری سٹرکچرنگ پلان بھی پیش کیاگیا ، وزیرِ اعلیٰ نے دیہی خواتین کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ دیہی خواتین کو مساوی سہولیات فراہم کر نے کا عزم غیر متزلزل ہے۔حکومت پنجاب دیہی خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے ، فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ جاری ہے- بنیادی صحت کے یونٹس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ، ورچوئل پولیس اسٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ سکل ڈویلپمنٹ ،مویشی پال پروگرام پر کام کر رہے ہیں -