کراچی بار کے تحت وکلا کنونشن، آئینی ترمیم کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کی دھمکی

16 اکتوبر ، 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مجوزہ آئینی ترامیم کیخلاف ملک بھر کے وکلا ایک پلیٹ فارم پر آگئے، کراچی بار کے کنونشن میں وکلا نے آئینی ترمیم لانے پر ملک گیر تحریک چلانے کی دھمکی دیدی۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وفاقی آئینی عدالت اور مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف آل پاکستان وکلا کنونشن کا سٹی کورٹ میں انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں پاکستان بارکونسل، سپریم کورٹ بار، لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹ بارز کے عہدیداروں سمیت سابق صدر سپریم کورٹ بار منیر اے ملک، حامد خان، علی احمد کرد، عابد زبیری، دیگر وکلا رہنما نے شرکت کی۔آل پاکستان لائرز کنونشن نے مجوزہ آئینی ترامیم کو مسترد کردیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے سینئر وکیل منیر اے ملک نے کہا کہ جس موڑ پر ہم کھڑے ہیں وہ 2007سے زیادہ خطرناک ہے،اس وقت صرف ایک چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس تھا،اس وقت پورے عدالتی نظام کیخلاف ریفرنس ہے،آج پورا عدالتی نظام خطرے میں ہے،آئین کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے پہلے تمام بار ایسوسی ایشنز کو بھیجی جائیں اور ان سے ان پٹ لیا جائے،سابق صدر سپریم کورٹ بار علی احمد کرد نے کہا کہ آئین میں ترمیم نہیں ہونے دینگے،بلوچستان میں ہزاروں مسنگ پرسنز میں سے کسی ایک شخص کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔