جے شنکر کی پاکستانی حکام سے ملاقات ہوئی بھی تو کور کرنے نہیں دیا جائیگا

16 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) بھارتی خاتون صحافی سمیتا شرما نے کہا ہےکہ جے شنکر کی پاکستانی حکام سے اگر کوئی ملاقات ہوئی بھی تو ہمیں کور کرنے نہیں دیا جائے گا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی کوریج کے مشن پر پاکستان آنے والی خاتون بھارتی صحافی سُہاسنی حیدر نے ایس سی او اجلاس نتائج کے حوالے سے مایوسی اور بددلی اظہار کردیا۔ منگل کو اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جے شنکر کا پاکستان آنا ایک مثبت اقدام ہے، ہمیں اس وزٹ کے بعد دیکھنا ہوگا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں کوئی نرمی آتی ہے یا نہیں، کیونکہ بلاول کا گوا دورہ جب ختم ہوا تو تعلقات مزید خراب ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے اپنی طرف سے کئی مرتبہ پہل کی ہے، لیکن 2019 کے بعد یہ تعلقات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ 2019 کے لیول پر بھی آگئے تو بہت بڑی بات ہوگی۔ سہاسنی نے کہا کہ بھارتی سیاست دانوں میں خدشہ ہے کہ اگر پھر سے پہل کریں اور کوئی دہشتگرد حملہ ہو جائے تو ان کیلئے مصیبت بن جائے گی۔ ان کی ہم خیال ایک اور بھارتی خاتون صحافی سمیتا شرما نے کہا کہ جے شنکر کی پاکستانی حکام سے اگر کوئی ملاقات ہوئی بھی تو ہمیں کور کرنے نہیں دیا جائے گا۔ سمیتا نے کہا کہ وزیراعظم نریندرا مودی کا خود ایس سی او میں شرکت کیلئے پاکستان نہ آنا ان کا اپنا سیاسی فیصلہ ہے، مودی ہیڈز آف اسٹیٹس والی میٹنگز میں جاتے ہیں نا کہ ہیڈز آف گورنمنٹس کی میٹنگ میں۔