پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ ڈیلروں کیخلاف دہشتگردی مقدمات درج کر نیکافیصلہ

16 اکتوبر ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبےکے تمام غیر قانونی اور بوگس اسلحہ ڈیلروں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے تحت مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا غیر قانونی اسلحے کی خرید اور اسے بیچنے والے ڈیلروں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے لاہور کے 9 بوگس اسلحہ ڈیلرز کے خلاف درج مقدمات میں صرف دھوکہ دہی کی دفعات لگانے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمات میں بھی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کی دفعہ 7ATAشامل کرنےکی ہدایات جاری کر د یں اور مقدمات میں قابل ضمانت دفعات لگوانے پر محکمہ داخلہ کے متعلقہ افسران کی بھی باز پرس کی ہے اور انہیں وارننگ دی ہے کہ آ ئندہ کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ’’جنگ‘‘ کے رابطہ کرنے پر ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے بتایا کہ بوگس لائسنس پر اسلحے کی فروخت سنگین جرم ہے جو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997کے زمرے میں آتا ہے بوگس لائسنس کے حامل اسلحہ ڈیلرز کی شناخت پر انکوائری کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ۔