جے شنکر پاکستان میں چوبیس گھنٹوں سے زیادہ نہیں گزاریں گے،تجزیہ کار

16 اکتوبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ جے شنکر پاکستان میں چوبیس گھنٹوں سے زیادہ نہیں گزاریں گے عمران خان کی بہن بیرسٹر گوہر کی دی گئی معلومات پر مطمئن نہیں ہیں اور تحریک انصاف کے کچھ رہنما بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کا میڈیکل چیک اپ صرف اُن کے ذاتی معالج سے کروایا جائے کسی اور پر بھروسہ نہیں ہے،نمائندہ جیو نیوز شبیرڈارنے کہا کہ جیل ذرائع کا کہنا ہے کسی باہر کے ڈاکٹر کی جیل میں انٹری نہیں ہوئی ہے ہوسکتا ہے جیل کے ڈاکٹرز نے ان کا چیک اپ کیا ہو،نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہاکہ گزشتہ روز علی امین اور حماد اظہر کے درمیان تلخی شدت اختیار کر گئی جس کا بیچ بچاؤ کرایا گیا۔نمائندہ جیو نیوز شبیرڈارنے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے ٹوئٹ پر پی ٹی آئی کے دوسرے رہنما یقین کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ آج دو ڈھائی بجے ڈاکٹر عاصم پہنچے اور ملاقات کا کہا تو ان سے قواعد مانگے گئے جیل حکام کے مطابق ان کے قواعد مکمل نہیں تھے ان کے پاس صرف اپنا شناختی کارڈ تھا شوکت خانم کا کوئی کارڈ موجود نہیں تھا۔ ڈاکٹر عاصم سے جب ہم نے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ میں ملاقات کے لیے جیل آتا رہتا ہوں میں پہلی دفعہ جیل نہیں آیا ہوں ڈاکیومنٹ کا کوئی مسئلہ نہیں تھا بس مجھے اجازت نہیں دی گئی۔