اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 65، لبنان میں میئر سمیت 16شہید

17 اکتوبر ، 2024

غزہ ، بیروت ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں کی غزہ اور لبنان پر بمباری ، غزہ میں خواتین اور بچوں سمیت 65افراد شہید اور 124 زخمی ہوگئے جبکہ لبنان کے شہر نطبیہ میں بلدیہ کونسل کی عمارت پر بمباری میں مقامی میئر سمیت 16افراد شہید اور 50سے زائد زخمی ہوگئے، اسرائیلی طیاروں نے چند روز کے وقفے کے بعد بدھ کو بیروت پر دوبارہ بم برسادیئے جس میں نواحی علاقے ضاحیہ میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، شمالی غزہ میں مسلسل 12ویں روز بھی زمینی آپریشن اور محاصرہ جاری ، لاکھوں افرادکو غذائی اجناس کی قلت کا سامنا ۔ حزب اللہ نے 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی شہر صفد پر تیسری بار میزائل حملےکئے ہیں، حزب اللہ نے کہا کہ اس کے جنگجو لبنان کے جنوبی گاؤں القوزہ کے قریب اسرائیلی فوجیوں کیساتھ دو بدو جھڑپوں میں مصروف ہیں قطری وزیراعظم نے ایک بار پھر لبنان اور غزہ میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔ یورپی یونین اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیر اعظم محمد الثانی نے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیا اور خبردار کیا کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ نے بین الاقوامی قانون کی طاقت کو نقصان پہنچایا ہے۔