مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید 3 کشمیری شہید

31 اکتوبر ، 2024

سری نگر (آئی این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں مزید تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اکھنور میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیاگیا۔ اکھنور میں آپریشن کے بعد دوسرے دن بھی سرچ آپریشن جاری ہیں۔ اس سے قبل اسی علاقے میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی پر حملہ ہوا ، تھا جس کے بعد بھارتی فوج پہلی بارٹینک بھی استعمال کررہی ہے۔ علاوہ ازیں قابض فوج نے کپواڑہ اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کوگرفتارکر کے انہیں آز ادپسند قرار دیدیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ فوجیوں نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے انہیں آزادی پسند قراردیا۔تاہم کشمیریوں کو ہراساں کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائیاں روز کامعمول ہیں۔ قابض حکام مقبوضہ جموں وکشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لئے مختلف بہانوں سے لوگوں کو گرفتاراورنظربند کررہے ہیں۔