عمر ایوب کا پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اور عدم تحفظ پر اظہارِ تشویش

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال اور عدم تحفظ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کواختلاف رائے کو دبانے کی کوشش میں اپوزیشن اراکین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہاکہ پاکستان بھر میں امن و امان کی صورتحال خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔عمر ایوب خان نے حکومت کی جانب سے ملک بھر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ عمر ایوب نے کہاکہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بدامنی کی صورتحال میں شدید بگاڑ پیدا ہو چکا ہے، اس سے لوگوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔ عمر ایوب نے کہاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے کی بجائے حکومت نے اپنے اداروں کو ملک کی سب سے مقبول سیاسی جماعت کی قیادت اور کارکنان کے خلاف سیاسی انتقام لینے پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کواختلاف رائے کو دبانے کی کوشش میں اپوزیشن اراکین کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ عمر ایو ب نے کہاکہ جمہوری آوازوں کو دبانا نہ صرف بے نتیجہ بلکہ خطرناک بھی ہے، ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کا بغیر کسی امتیاز کے تحفظ کرے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ حکومت فوری طور پر اپنی ترجیحات تبدیل کرے، وسائل کو عوام کے تحفظ کے لیے مختص کرے،قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کے شہریوں کی سلامتی اور حفاظت کی اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرے۔