پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکار فرائض جانفشانی سے انجام دیں، ایس پی پشین

31 اکتوبر ، 2024

پشین (خ ن) ایس پی پشین عبداللہ احسان کی زیر صدارت پولیو ڈیوٹی کے حوالے سے پولیس لائن کے سبزہ زار میں اجلاس ہوا جس میں ایس پی عبداللہ احسان نے ملازمین کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم ایک اہم قومی فریضہ ہے اور پولیو کے خاتمے کیلئے حکومتی مشینری متحرک ہے۔ جس میں پولیس فورس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہر ایک پولیس افسر و اہلکار پولیو مہم کے دوران اپنی پوری لگن اور جانفشانی سے فرائض سر انجام دے ۔ پولیو مہم کے دوران ہر سیکورٹی اہلکار مقررہ وقت سے پہلے اپنے پوائنٹ پر حاضری یقینی بنائے ۔ تاکہ پولیو مہم کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے کوئی کمی نہ ہو پولیو مہم کے دوران سیکورٹی اہلکار پولیو ٹیموں کیساتھ اور ان کی واپسی تک ہمراہ رہیں گے۔ دوران پولیو ڈیوٹی ہر ایک پولیس سیکورٹی اہلکار الرٹ رہے اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نگرانی رکھے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں تدارک کیلئے اقدامات کرے۔ تاکہ پولیو مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔اجلاس میں آر آئی پولیس لائن، لائن افسر پولیس لائن محرر اور تمام تھانہ جات کے محرروں نے شرکت کی۔