گوادر ‘سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور فیک نیوز سے متعلق آگہی سیمینار

31 اکتوبر ، 2024

گوادر(خ ن)گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور فیک نیوز کے پھیلاؤ سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحصیلدار گوادر چنگیز بلوچ نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں مقررین نے فیک نیوز اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کے معاشرتی اثرات پر تفصیلی گفتگو کی، اور نوجوان نسل کو ان نقصانات سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔تحصیلدار چنگیز بلوچ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں ہم چند سیکنڈز میں معلومات حاصل کرتے ہیں، مگر بغیر تحقیق کے اسے آگے پھیلانا ایک سنگین عمل ہے، جو معاشرتی انتشار کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی ہر خبر کو تحقیق کے بغیر سچ ماننا نہیں چاہیے اور نوجوان نسل کو اس بات کا شعور ہونا چاہیے کہ وہ مثبت اور تعمیری معلومات کی جانب رجوع کریں۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی توجہ تعلیمی سرگرمیوں اور مطالعے پر مرکوز رکھیں، کیونکہ انہی کوششوں سے وہ اپنی زندگی کو مثال بنا سکتی ہیں اور قوم کو فخر کا موقع دے سکتی ہیں۔