آئندہ برس اجناس کی قیمتیں 5سال کی کم ترین سطح پر گر جائینگی، عالمی بینک

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )عالمی بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے کے باوجود تیل کی پیدوار میں اضافے کے باعث 2025 میں عالمی اجناس کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح تک گرجائیں گی‘2025 میں توانائی کی قیمتیں 6 فیصد جبکہ 2026 میں مزید 2 فیصد گر جائیں گی‘توانائی اور خوراک کی قیمتوں میں کمی سے مرکزی بینکوں کو مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔عالمی بینک نے اپنے تازہ ترین کموڈٹی مارکیٹس آؤٹ لُک (سی ایم او) میں کہا کہ اس کمی کے باوجود اجناس کی مجموعی قیمتیں کورونا وبا سے پہلے کے 5 سالوں کے مقابلے میں 30 فیصد زائد رہیں گی، اگرچہ انفرادی اجناس کی قیمتوں کے تخمینے ملے جلے ہیں تاہم سپلائی میں بہتری کے باعث مجموعی طور پر قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔عالمی بینک نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ آئندہ برس تیل کی عالمی یومیہ سپلائی 12 لاکھ بیرل کی اوسط طلب سے بڑھ جائے گی۔