وزیراعظم شہباز شریف کا قطر پہنچنے پر شاندار استقبال

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(نیوز رپورٹر )وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبدالعزیز الخلیفی ، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کاشاندار استقبال کیا۔اپنے دورے کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی ،قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی اور قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفود بھی ملاقات کرینگے۔ وزیراعظم قطر میوزیم میں "منظر آرٹ ایگزی بیشن 1940 سے اب تک پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر" کا بھی افتتاح کریں گے،قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے دوحہ، قطر روانہ ہوئے توریاض کے نائب گورنرشہزادہ عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وزیرِ اعظم کو الوداع کیا۔علاوہ ازیں بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنی پوسٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قطر کے خصوصی دورے کے دوران اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کیلئے قطری قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کا منتظر ہوں، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دوحہ پہنچا ہو ں قطر میوزیم میں پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی خصوصی نمائش کا بھی افتتاح کروں گا۔