پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح، پہلے فیز کی تکمیل 12 ماہ میں کی جائے، وزیراعلیٰ پنجاب

31 اکتوبر ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوا نے پہلی اینٹ رکھ کر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی مفت علاج ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کے لئے بارہ ماہ کا ہدف دیدیا۔وزیر اعلیٰ نے پہلے سرکاری بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی بنانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی نے ہسپتال کے سامنے تیمارداروں کیلئے ہوٹلز بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں بلڈ ڈیزیز، پیڈز، آرگن ٹرانسپلانٹ اور بون میرو کے سپیشلائزڈ ہسپتال بنانے اور بیرون ملک سے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو مراعات کے ساتھ پنجاب میں لانے کے پروگرام کا اعلانات بھی کیے۔ وزیر اعلیٰ کو انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں قائم ہونے والا 915 بیڈز کا کینسر ہسپتال دو مراحل میں مکمل ہوگا- وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈاکٹرز کو پنجاب میں گھر، گاڑی اور اچھی تنخواہ دیں گے۔کینسر ہسپتال میں کے پی کے، سندھ اور دیگر صوبوں سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ میری والدہ کینسر میں مبتلا ہو کر اللہ تعالیٰ کے پاس چلی گئیں، بچھڑنے کا دکھ جانتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچے کو جنوبی پنجاب سے علاج کیلئے ائیر ایمبولینس پر منتقل کرنے کی اطلاع ملنے پر خوشی سے آنکھیں نم ہو گئیں۔