امریکا نے لطیف کھوسہ کے ڈونلڈ لو پر الزامات پھر مسترد کردیئے

31 اکتوبر ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کےامریکی سفیر ڈونلڈ لو پر الزامات اور ان کے دعوئوں کو مسترد کردیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ امریکا عمران خان کی حکومت کے خاتمے کی کسی سازش میں ملوث نہیں ہے ، یہ الزامات جھوٹے ہیں ، اس پوڈیئم سے یہ بات متعدد بار کہہ چکے ہیں، عمران خان کی رہائی سے متعلق فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے۔ کینیڈین حکومت کی جانب سے 6سکھ رہنمائوں کے قتل کی سازش میں مودی کے قریبی ساتھی، بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ملوث ہونے کے الزامات تشویشناک ہیں ، ہم اس معاملے پر کینیڈین حکومت کیساتھ مشاورت جاری رکھیں گے ۔ قبل ازیں ان سے سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ کے منتخب ہونے پر عمران خان کو رہا کردیا جائے گا اور سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوجائے گا اور یہ کہ امریکی سفیر ڈونلڈ لو عمران خان کی حکومت کے خاتمے کی سازش میں ملوث تھے،اس پر ترجمان نے کہا کہ عمران کی رہائی کا فیصلہ پاکستانی عدالتوں نے کرنا ہے ،عمران خان کی وزارت عظمیٰ سے برطرفی میں امریکی کردار کے الزامات غلط ہیں۔میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی سیاست کا معاملہ پاکستانی عوام کو اپنے قانون اور آئین کے مطابق طےکرنا ہے۔