وفاقی بیوروکریسی کیلئے اہم خبر ؛سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس طلب

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( رانا غلام قادر) وفاقی بیوروکریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دینے کیلئے سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس طلب کرلیا ۔سنٹرل سلیکشن بورڈ کا 3 روزہ اجلاس 25، 26 اور 27 نومبر کو منعقد ہو گا جس کی صدارت چیئر مین وفاقی پبلک سروس کمیشن لیفٹنٹ جنرل (ر) اختر نواز ستی کریں گے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس طلبی کا با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے سیکر ٹریز‘ تمام چیف سیکرٹریز ‘ آڈیٹر جنرل آف پاکستان‘ چیئر مین ایف بی آر ‘ ڈی جی آئی بی‘ ڈی جی آئی ایس آئی او ر تمام آئی جی پولیس کو مراسلہ بھیج دیاگیا ۔سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس گزشتہ 14 ماہ سے زیرِ التواء چلا آرہاتھا۔ بورڈکا آخری اجلاس اگست 2023 میں ہوا تھا۔اجلاس ایجنڈا و ورکنگ پیپرز جلد جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں گریڈ انیس اور بیس کے سات سو سے زائد افسروں کو اگلے گریڈ میں ترقی دی جا ئے گی۔ پروموشن زون کے افسران اس اجلاس کے بے چینی سے منتظر تھے۔پرو موشن پا لیسی کے تحت ایک سال میں سی ایس بی کے دو اجلاس ہونے چاہئیں تاکہ ریٹائر منٹ سے خالی ہونے والی پوسٹوں پر مستحق افسروں کو ترقی مل سکے۔