نیلم جہلم بندش سے کروڑوں کا نقصان، توانائی بحران میں اضافہ

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد(اسرار خان ) 969میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبہ، جو مئی سے شدید راک برسٹ فالٹ کی وجہ سے بند ہے، قومی خزانے سے کروڑوں روپے کا نقصان کر رہا ہے جبکہ صارفین کو سستی بجلی سے بھی محروم کر رہا ہے۔ اس بندش نے ملک کی ہائیڈرو الیکٹرک پاور کی قلت کو مزید بڑھا دیا ہے، جس سے توانائی کے موجودہ بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نیپرا نے ڈسکوز کے لیے ایف سی اے کے تحت 0.71 روپے فی یونٹ کمی پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک عوامی سماعت کے دوران، نیپرا کے چیئرمین نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے مرمت کے اخراجات پر وضاحت نہ دینے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ۔ "اب تک کوئی اندازہ پیش نہیں کیا گیا،" انہوں نے کہا، مزید بتایا کہ ایک وزیراعظم کی انکوائری کمیٹی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ نیپرا نے زور دیا کہ مرمت کے لیے فنڈنگ کے فیصلے انکوائری رپورٹ کے نتائج پر منحصر ہوں گے۔