پروفیسر اقبال چوہدری دوسری بار کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل تعینات

31 اکتوبر ، 2024

اسلام آباد( ساجد چوہدری) صدر مملکت، چیئرمین کامسٹیک آصف علی زرداری نے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو دوسری مدت کے لئے کامسٹیک کا کوآرڈینیٹر جنرل تعینات کردیا ، اس سے قبل انہیں اپریل 2020 میں اس پوسٹ پر تعینات کیا گیا تھا ، پروفیسر اقبال چوہدری کی دوسری مدت کے لیے تقرری کا او آئی سی کے رکن ممالک کے سفارت کاروں ، وائس چانسلرز اور متعلقہ حلقوں نے خیر مقدم کیا ، کامسٹیک واحد او آئی سی کا ادارہ ہے جس کی سربراہی پاکستان کرتا ہے۔کامسٹیک جنوری 1981 میں مکہ مکرمہ، سعودی عرب میں منعقدہ او آئی سی کے تیسرے اسلامی سربراہی اجلاس کے میں قائم کیا گیا تھا، او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزراء یا نامزد نمائندے کامسٹیک میں نمائندگی کرتے ہیں، پاکستان کے صدر چیئرمین اور وزیراعظم شریک چیئرمین ہیں اور کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک کا چیف ایگزیکٹو ہیں، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے 76 کتابیں لکھیں اور ان کی تدوین کی جن میں سے بیشتر امریکہ اور یورپ میں شائع ہوئی ہیں۔