آتشزدگی سے4لڑکیاں جھلس کر زخمی

03 نومبر ، 2024

لندن (پی اے) ایسٹ سسیکس کے علاقے برائٹن کے ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورینٹ کے باتھ روم میں آتشزدگی سے4لڑکیاں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔ ایسٹ سسیکس فائر اینڈ ریسکیو نے کہا کہ عملے کو جمعرات کی شب 8:28پر جائے وقوع پر طلب کیا گیا، جہاں 12 برس عمر کی 4 لڑکیاں آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔ انہیں زندگی بدلنے والے زخم آئے۔ ان لڑکیوں کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ شدید زخمی مگر محفوظ حالت میں زیر علاج ہیں۔ سسیکس پولیس اور فائر سروس نے کہا کہ وہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے میں کوشاں ہے تاہم اس میں کوئی فائر ورک کا ہاتھ نہیں ہے، آگ حادثاتی طور پر لگی اور عوام کو مزید کوئی خطرہ نہیں ہے، 3 فائر انجنز، ایک ایئر مشینری اور خصوصی افسران نے آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لیا۔ ایسٹ سسیکس فائر اینڈ ریسکیو سروس کے ایک ترجمان نے کہا کہ موقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو بھی تحقیقات میں استعمال کیا گیا اور اس سے اس بات کا تعین ہوا کہ یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا۔ ریسٹورینٹ وینڈی کے ترجمان نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں حادثے میں زخمی ہونے والی لڑکیوں اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں، اپنے گاہکوں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم مقامی پولیس حکام کے ساتھ اس واقعے کی تفتیش میں شامل ہیں۔