پختونخوا حکومت صرف احتجاج ، جلسے اور ناچ گانا کر رہی ہے، فیصل کنڈی

03 نومبر ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی حکومت صرف احتجاج ، جلسے اور ناچ گانا کرنے میں مصروف ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، وفاق ہی بتاسکتا ہے کہ کیا کے پی حکومت اس پر سنجیدہ ہے یا نہیں، اگر سچ میں لینا چاہتی ہے تو اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسے جلوس سے کسی کو آزادی نہیں مل سکتی، پی ٹی آئی شاید سنجیدہ نہیں، اگر بشریٰ بی بی کو عدالت سے ریلیف ملا تو پھر احتجاج کی کیا ضرورت ہے، وہ پہلے بھی سیاست کرتی تھیں یہاں بھی کررہی ہیں سب کو معلوم ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ کئی بار صوبے کے حقوق کی بات کی ہے، امن و امان بحال کرنے میں صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے، میں نے وزیراعظم کو امن وامان کے لیے خط لکھا یہ صوبائی حکومت کا کام ہے، صوبائی حکومت اداروں کے خلاف قرار دادیں پاس کررہی ہے، روز لوگ شہید ہورہے ہیں کیا صوبائی حکومت کچھ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اسی میں مصروف ہے کہ احتجاج، جلوس اور ناچ گانا کرنا ہے، وزیراعلیٰ جب غائب تھے تو پی ٹی آئی والے کہہ رہے تھے گرفتار ہوئے، وزیراعلیٰ خودساختہ طور پر غائب ہوئے تھے۔