مسلم خاتون ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے سے انکار پر کھانے سے محروم

03 نومبر ، 2024

ممبئی (اے پی پی) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ٹاٹا ہسپتال کے باہر ایک بے سہارا مسلم خاتون کو ’’جے شری رام‘‘ کا نعرہ لگانے سےانکار پر ایک این جی او کے ہندو توا رضا کار نے کھانا نہیں دیا اور اسے قطار سے باہر کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہسپتال کے باہر مریضوں اور تیمار داروں کو مختلف این جی اوز کی طرف سے کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز ایک این جی او کی طرف سے ہندو توا انتہا پسند کھانا تقسیم کر رہا تھا کہ اسے قطار میں ایک باحجاب مسلم خاتون نظر آئی۔ اس نے خاتون سے جے شری رام کا نعرہ لگانے کیلئے کہا لیکن خاتون نے انکار کر دیا جس پر اسے قطار سے باہر کر دیا گیا۔ خاتون سے کہا گیا کہ جے شری رام کا نعرہ لگائو تو ہی کھانا ملے گا۔ اس موقع پر کچھ لوگوں نے خاتون کے ساتھ بدسلوکی پر اعتراض کیا اور کہا کہ آپ کھانا تقسیم کرنے آئے ہیں یا جے شری رام کا نعرہ لگوانے؟ کسی کو یہ نعرہ لگانے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے۔