ٹیکس اہداف نظرثانی معاملے پر IMFسے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ،FBR

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ٹی وی رپورٹ) وزارت خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مالی سال کے وسط میں بجٹ میں کسی ایڈجسٹمنٹ کے جواز کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتاجبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیونے آئی ایم ایف کی طرف سے اہداف میں نظر ثانی کی ایف بی آر کی درخواست مسترد کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس موضوع پر آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں کی گئی ہے نہ ہی یہ موضوع کبھی ایجنڈے پر رہا ہے۔ایف بی آر اعلامیہ میں کہا گیا ہے یہ ایک حقیقت ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کسی بھی اجلاس میں اہداف پر نظرثانی پر بات نہیں کی گئی۔ادھر ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ملکی معاشی صورتحال مالیاتی پالیسیو ںکے موثر ہونے کی عکاس ہے‘آئی ایم ایف نے بھی معاشی اشاریو ںسے متعلق اپنی پیش گوئیوں پر نظرثانی کی ‘صرف1فیصد فرق کو غیر یقینی عالمی معاشی ماحول کے تناظر میں معمولی کہا جاسکتاہے‘مالیاتی استحکام کی راہ ہموار ہوگئی ہے‘آئی ایم ایف کے اندازے ، تخمینے وزارت خزانہ کے معاشی تخمینو ںسے قریب تر ہوگئے ہیں‘افراط زر 10.2فیصد کے حکومتی تخمینے کے برعکس بہتر معاشی پالیسیو ںسے9.2فیصد رہا۔