تبلیغی جماعت، نیک اعمال کرینگے تو عذاب قبر سے بچیں گے، علماء کرام

03 نومبر ، 2024

مانگا منڈی،چوہنگ (نامہ نگاران ) سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلہ کے دوسرے روز بیانات کی چار نشستیں ہوئیں ،فجر کی نماز کے بعد مولانا عبدالرحمن ، ظہر کے بعد مولانا فاروق بنگلوری ، عصر کے بعد مولانا زبیر الحسن اور مغرب کے بعد ابراہیم اور دیگر کا بیان ہوا ،دوسرے روز شرکاء کی تعداد4لاکھ سے تجاوز کرگئی ،علماء کرام نے خطاب میں کہا کہ دعوت تبلیغ نبیوں والا مشن ہے ،پہلے خود دین سمجھو بعد میں گھر والوں کو پابند بنائو ، نیک اعمال کریں گے تو عذاب قبر سے بچیں گے، مولانا عبدالرحمن نے کہا دین سے دوری نا انصافی، درندگی اور حق تلفی کا سبب بن رہی ہے برائی کے خاتمے اور اسلام کی تبلیغ کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، خود بھی دینی تعلیمات پر عمل کریں اور اپنے بچوں کو بھی دین کی طرف راغب کریں ،مولانا فاروق بنگلوری نے کہا کہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں وقت پر نماز ادا کریں یہ نماز قبر میں کام آئے گی، اللہ تعالی کی داحد نیت کی یہاں ایک مثال ہے دنیا میں 7ارب انسانوں کے14ارب انگھوٹھے ہیں جن کا ڈیزائن آپس میں نہیں ملتا ، آؤ اس جماعت کا حصہ بن کر نبیوں کے کام پر لگ جاؤ تاکہ تم سچے اور پکے مسلمان بن سکو تبلیغی جماعت دین سکھانے کی ایک درس گا ہ ہے،کبھی امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کو نہ چھوڑنا اگر چھوڑ دیاتو قیامت کے دن کوئی پرسان حال نہیں ہوگا، پہلے خود دین کو سمجھو اور بعد میں اپنے گھر والوں کو دین کا پابند بناؤ، مولانا ابراہیم دیولہ نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کا بنیادی مقصد امت کی فکر کا جائزہ لینا ہے، انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبرکے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، دعوت تبلیغ دین سے جوڑنے ،مخلوق سے خالق کی طرف، مال سے اعمال کی طرف اور دنیا سے آخرت کی طرف بلایا جا رہا ہے ، اللہ پاک نے دونوں جہاں کی کامیابی دین میں رکھی ہے، قبر کو روشن کرنے والی واحد نماز ہے، پردے کا اہتمام ہر امتی پر فرض ہے، مولانا احمد لاٹ نے کہا کہ دعوت تبلیغ ایک عظیم مشن ہے ، یہ مشن نبیوں اور پیغمبروں کا ہے، ہمارے نبی کی بہتر ین امت ہونے کی قرآن پاک گواہی دیتا ہے، خالی ہاتھ قبر میں جانے پر کیڑوں مکوڑوں کی خوراک بننا ہوگا اگر اللہ تعالی کے دین کی محنت کی ہو گی اور نیک عمال ہونگے تو وہ آپ کے جسم کو چھو بھی نہیں سکیں گے ، انہوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں سے دین سیکھنے کیلئے یہاں را ئیونڈ لوگ آتے ہیں ہم اس نعمت سے محروم کیوں ہیں ،اللہ کا پیغام نہ پھیلایا توقیامت کے دن ہمارے پاس کوئی حجت نہ ہوگی سارے دنیا کے انسان جہنم سے بچ کر جنت والے بن جائیں، مولانا زبیرالحسن نے کہا کہ دعا بندے اوراللہ کے درمیان تعلق کی وضاحت کرتی ہے، اللہ تعالی ہم سب کی دعائیں قبول کرتا ہے لیکن مناسب وقت میں ہمیں نوازا جاتا ہے، اللہ کی عبادت کرو اور نماز کی پابندی کرو اور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے رہو ،حلال رزق کی تلاش کرو اور حرام سے گریز کرو ،حقوق العباد کا خیال رکھو اپنے والدین کی خدمت کو یقینی بناؤ اپنا وقت موبائل پر صرف کرنے کی بجائے اپنے رب کا قرب حاصل کرنے پر صرف کرو اللہ تعالی کا دین پھلانے والا ہی خدا کا قرب حاصل کرتا ہے، گزشتہ روز بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ،ایس پی صدر ڈاکٹر غیور اختر نے پنڈال اور ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،سی ٹی او عمارہ اطہر نے ٹریفک کیمپ آفس کا بھی وزٹ کیا، اجتماع میں ہزاروں افراد نے تبلیغ کیلئے نام لکھوائے، 200کے قریب اجتماعی دینی طلبہ اور طالبات کے نکاح ہونگے ، مندوبین کی سخت چیکنگ ہورہی ہے ، انٹری کیلئے شناختی کارڈ لازمی ہےاجتماع کا پہلا مرحلہ آج ختم ہو جائے گا صبح کی نماز کے بعد مولانا خورشید کا بیان ہو گا جبکہ صبح8بجے اختتامی دعا مولانا ابراہیم کروائیں گے جس کے بعد شرکاء اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے ،ٹریفک پولیس نے انخلاء کے وقت ٹھوکر سے راےونڈ، مانگا منڈی سے راےونڈ ،سندر سے راےونڈ جانے والی ٹریفک کو روک دینے کا پلان ترتیب دیا ہے انخلاء تک دونوں طرف یکطرفہ ٹریفک چلائی جائے گی ، جبکہ دوسرا مرحلہ7نومبر بروز جمعرات بعد نماز عصر امیر جماعت مولانا نذرالرحمان کے بیان سے شروع ہوگا جس میں حلقہ نمبر4فیصل آباد، بیرون ملک سمیت،حلقہ نمبر7سوات,حلقہ نمبر10ڈی آئی خان،حلقہ نمبر15سندھ کراچی سے مندوبین شرکت کریں گے۔