بشریٰ بی بی کی ضمانت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز) سابق خاتون اول بشری بی بی کی توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت منظوری کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ضمانت منظوری کا فیصلہ غیرقانونی اور ریکارڈ کے برخلاف ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ ضمانت بعد ازگرفتاری کے اصولوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ہائیکورٹ نے بشری بی بی کیخلاف مقدمے کو ٹھیک سے نہیں سمجھا۔ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے ہوئے یہ مدنظر نہیں رکھا کہ استغاثہ کے پاس یہ شواہد ہیں کہ بلغاری جیولری سیٹ کو توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا،سپریم کورٹ ایک فیصلے میں یہ اصول طے کر چکی ہے کہ خاتون ہونے کے باوجود اگر کسی کا کریمنل ریکارڈ ہے تو اسے ضمانت نہیں مل سکتی۔درخواست میں کہا گیا کہ 263 دن کسی کو جیل میں رہنے کی بنیاد پر ضمانت نہیں دی جا سکتی، سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی کہ اسلام ہائیکورٹ کے 23 اکتوبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ضمانت منسوخ کی جائے۔