ڈائریکٹر جنرل PSQCAتقرری شکایات تحقیقات کیلئے سیکرٹری سائنس کو ریفر

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے کی تقرری سے متعلق شکایات تحقیقات کیلئے سیکرٹری وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو بھجوا دیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے کیبنٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی کو ایک آفس میمورنڈم کے ذریعے تین شکایات بھیجی گئی ہیں جو محمد اعظم ، اختر اے بگھیو اور پروفیسر ڈاکٹر انجم خالد نے کیں،حکام سائنس ہ ٹیکنالوجی نے کہا کہ شکا یت کنندگان کے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، ذرائع کے مطابق شکایات میں ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے کی تقرری سے متعلق بھجوائے گئے پینل میں شامل افراد پر الزامات عائد کئے گئے ہیں، پینل میں ڈاکٹر ایچ یو خان ، محمد عمران حیدر اور زین العابدین شامل ہیں ، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی سے کہا گیا ہے کہ ان شکایات کی تحقیقات کر کے مزید کارروائی کی جائے۔ایک شکایت کنندہ اختر بھگیو کا کہنا تھا کہ سکروٹنی کمیٹی نے جن اٹھارہ امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا تھا بھجوائے گئے پینل میں شامل ایک بھی امیدوار اس میں شامل نہیں تھا ، انہوں نے کہا اس پوسٹ کیلئے اشتہار 23 اپریل 2024 کو دیا گیا تھا مگر پہلے امیدواروں کے انٹرویوز 25 جون کو اور دوسری بار 20 ستمبر 2024کو لئے گئے ، حالانکہ یہ پراسس 120دنوں میں مکمل کرنا ضروری ہوتا ہے ، وزارت کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ دو شکایت کرنے والوں کا درخواست میں ایڈریس تک موجود نہیں ، جبکہ ایک شکایت کنندہ نے محض الزامات ہی لگائے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، شکایت کا جواب اسٹیبلشمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔