سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے، علی امین گنڈا پور

03 نومبر ، 2024

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے9نومبر کو صوابی انٹرچینج پر جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں ملک کو بند کرنے کا لائحہ عمل دیا جائے گا، یہ ہماری آخری کال ہوگی، لوگ اپنے گھروں میں بتا کر آ ئیں، سر پرکفن باندھ کر نکلیں گے، پرامن رہ کر بہت ماریں کھا لیں، اب پیچھے نہیں ہٹیں گے، بشریٰ بی بی کی رہائی سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گنڈاپور نے کہا کہ ان کی رہائی میں میرا کوئی کردار نہیں،کے پی ہاؤس پر کیا سوچ کر چڑھائی کی گئی، حساب دینا پڑے گا۔ ہفتہ کوراولپنڈی میں اڈیالہ سنٹرل جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا عوامی طاقت کے ساتھ تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے لیے پورا لائحہ عمل دیں گے، اپنے حقوق لینے کے لیے نکلیں گے اور حقوق لے کر ہی واپس جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 8 تاریخ کا پشاور جلسہ منسوخ نہیں کیا، صرف مقام تبدیل کیا ہے جو اب 9 تاریخ کو موٹروے صوابی انٹرچینج پر جلسہ ہوگا۔ آخری کال کی وارننگ تمام فیصلہ سازوں کے لیے ہے، ہم ایک لائحہ عمل کے ساتھ ایک تاریخ دیں گے۔